Monday, July 4, 2016

Quran aur Aqeeda e Insan - Aurad o Wazaif

 Quran aur Aqeeda e Insan – قرآن اور عقیدۂ انسان


 


مولوی حفظ الرحمٰن مسعود –  صاحبزادہ مولانا شاہ محمد کمال الرحمٰن صاحب دامت برکاتہم


 



اگر  کوئی شخص یہ عقیدہ رکھے کہ قرآن سے یا اس کی آیتوں سے میں اپنا فلاں کام نمٹالونگا یا یہ کہ قرآنِ کریم عملیات و تعویذات کے لیئے نازل کیا گیا ہے تو یہ جہالت اور گناہِ عظیم ہے۔ کیونکہ قرآن در حقیقت خدا کے حقوق جو لوگوں پر ہیں اور نیز جو لوگوں کے آپس میں ایک دوسرے پر حقوق ہیں اور انکے ادا کرنے یا نہ کرنے کے  سبب جو نتائج اس جہاں میں اور مرنے کے بعد وجود میں آئیں گے ان سب کے بیان کے لئے اللہ پاک کی جانب سے نازل ہوا ہے۔لیکن اس کے ساتھ ہی بہت سی آیتوں اور سورتوں کو نبی محمدﷺ، صحابہ، اور بزرگانِ دین بطورِ عملیات دفعہ    مصائب کے لئے بھی پڑھتے تھے جن کی برکت سے مصائب اور حاجات پوری ہوجاتی تھیں، جو شخص کسی مطلب کے لئے کوئی عمل پڑھتا  ہو اور ظاھری کوشش عالمِ اسباب کے تقاضے کے مطابق نہ کرتا ہو تو وہ یقیناً نا کام ہو گا، گویا کہ اس کی مثال مریض کی سی ہے جو دواء کھاتا ہو مگر پرہیز نہ کرتا ہو، بلکہ عمل پڑھنے کا مطلب تو یہ  ہوتا ہے عمل کی وجہ سے ظاہری کوشش ناکام نہ رہے اور اللہ پاک کی مدد شاملِ حال ہو۔


Quran aur Aqeeda e Insan

Quran aur Aqeeda e Insan


سارے بزرگانِ دین اور ماہرینِ عملیات کا تجربہ ہےکہ جس سورۃ یا جس آیت کے مضمون کو جس کام سے مناسبت ہو تو وہ آیت اس کام کے لئے بطورِ عمل پڑھی جاسکتی ہے، سمجھنے کے لئے چند مثالیں پیش کی جاتی ہیں تاکہ عاملین عمل کے اخذ کرنے میں دشواری نہ محسوس کریں اور عوام الناس کو فائدہ ہو اور  نام و نہاد ا،  انا پرست اور ایمان خراب کرنے والے عاملین و  جادوگروں کے شکنجوں میں نہ پھنسیں۔


  • سورۃ الفاتحہ میں مہربانی و استعانت کا تذکرہ ہے لہذا ہر چیز میں اعانت ک طلبگاری کے لئے اس سورۃ کا عمل کیا جاسکتا ہے۔

  • سورۃ النصر میں فتح و نصرت کا تذکرہ ہے، لہذا ہر حاجت کی فتحیابی کے لئے اس سورۃ کو عمل میں لایا جاسکتا ہے۔

  • سورہ فیل اور سورہ لھب میں عذاب اور تباہی ہلاکت و بربادی کا تذکرہ ہے لہذا جہاں شریعت اجازت دیتی ہو ان سورتوں کو بربادی ٔ دشمن کے لئے عمل میں لایا جا سکتا ہے۔

  • سورہ ٔ اخلاص میں اللہ کی ذات و کمال ِ صفات ، اور بے نیازی کا تذکرہ ہے لہذا ہر محتاج اور مفلوک الحال شخص اس کا ورد کر سکتا ہے۔

  • سورہ ٔ فلق میں شام و سحر کے پروردگار سے ہر قسم کے شرور و آفات اور جادوگروں کی جادوگری سے پناہ کا تذکرہ ہے لہذا دفع ِ سحر اور دوسرے تمام آفات کے دفعہ کے لئے اس سورہ کا عمل کیا جا سکتا ہے۔

  • سورہ ٔ ناس میں لوگوں کی شرارت اور جنات کے وسوسوں سے پناہ کا تذکرہ ہے لہذا جو حضرات وسوسوں کی وجہ سے بے سکونی اور ذہنی دباؤ  کا شکار ہوں اور ذہنی دباؤ کے باعث جسمانی اور روحانی امراض کا شکار رہے ہوں یا ہو چکے ہوں ایسے حضرات اس سورہ کا ورد کر سکتے ہیں۔

یہ چند مثالیں سورتوں سے متعلق سمجھنے میں آسانی کے لئے پیش کی گئی ہیں ۔ چند آیتوں کی مثال بھی دی جاتی ہے۔


  1. سُبْحَانَكَ لَا عِلْمَ لَنَا إِلَّا مَا عَلَّمْتَنَا ۖ إِنَّكَ أَنْتَ الْعَلِيمُ الْحَكِيمُ۔ اس آیت ِ مبارکہ میں علم و حکمت کا تذکرہ ہے لہذا اس آیت کو دینی و دنیوی ہر علم کی ترقی ور افزائش ِ دانش کے لئے پڑھا جاسکتا ہے۔

  2. الحمد للہ رب العالمین۔ کہنا اللہ پاک کے پاکیزہ ناموں اور اسکے بلند و بالا صفات سے اسکی تعریف بیان کرنا ہے، اور اس آیت میں اللہ تعالیٰ کی حمد و ثناء کا تذکرہ ہے، لہذا ہر نعمت کی زیادتی کے لئے اس آیت کا ورد کیا جا سکتا ہے۔

  3. آیت الکرسی میں اللہ تعالی کی عظمت و بڑائی بزرگی و کبریا ئی کا تذکرہ ہے، لہذا اس آیت کو ہر مقصد کے لئے جس کا قیاس تک قابل ِ بیان نہ ہو جن حاجات کی فکر ہی اجسام ِ انسانی میں رونکٹے کھڑا کر دینے کے لئے کافی ہو ہر اس مقصد کے لئے اس آیت کا ورد کیا جا سکتا ہے۔

  4. سلام قولا من رب الرحیم 0 سلام علی ابراھیم 0 سلام علی موسیٰ و ھارون 0 سلام علی المرسلین۔ ان آیتوں اور ایسی ہی بہت ساری آیتوں میں امن اور سلامتی کا پیغام ہے لہذا ہر قسم کی امن و سلامتی کے لئے ان آیات کا ورد کیا جا سکتا ہے۔

  5. والله یرزق من یشاء بغیر حساب 0 ان اللہ ھو الرزاق ذوالقوۃ المتین۔ یہ اور اس جیسی بےشمار آیتیں جس میں رزق و روزی کا تذکرہ ہے، تنگ دستی ٔ معاش کے دفعہ کے لئے ان آیتوں کو پڑھا جا سکتا ہے۔

اللہ پاک نے قرآن ِ مجید سے متعلق خود کلام اللہ میں یہ ارشاد فرمایا ہے ” فیہ شفاء للناس” اب یہ بات شمس و قمر شجر و حجر سے بھی عیاں ہے کہ اللہ کے کلام میں وہ  بیماریاں جن کے متعلق سنتے ہمارے کان تھک گئے اور جن   کا علاج کراتے ہم زندگیوں سے بیزار ہو کر موت کی تمنا کرتے ہیں، اور وہ بیماریاں جنھیں آج تک نہ ہماری آنکھوں نے دیکھا  اور نہ ہمارے کانوں نے سنا، چاہے وہ روحانی بیماریاں ہوں یا جسمانی امراض ہر مرض کی شفا اللہ کے کلام میں ہے۔


لمحہ ِ فکر   آپ نے اکثر دیکھا ہو گا یا بار ہا سنا ہو گا  کہ لاکھوں روپیوں کے خرچ کرنے کے بعد بھی لوگوں کو شفاء نہیں ملتی، بڑے بڑے آپریشن کرنے کے بعد بھی ڈاکٹر یہ کہتے ہیں کہ ہم نے جتنا کرنا تھا سو تو کر دیا اب آگے اللہ ہی سے دعا کریں ہمارے ہاتھ کچھ نہیں۔


بہر ِ حال اب کلام اللہ کی سورتوں کے خواص و فوائد “اوراد و وظائف” کے عنوان کے تحت  لکھے جائنگے تاکہ اس کے ذریعہ عوام الناس اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کریں اور ایاک نستعین کے تحت اسی سے اعانت طلب کریں، جو غیر کو چھوڑ کر اللہ کا ہو جاتا ہے حدیث ِ نبویﷺ ہے کہ جو بندہ  اللہ کے لئے ہوجاۓ اللہ پاک اس کے ہو جاتے ہیں۔ جس کے ساتھ اللہ ہوجائے اس کو دین و دنیا۔ گویا کہ دو جہاں کی ہر بھلائی نصیب ہوجائے گی۔


Download in PDF format


 خادم حفظ الرحمٰن مفتاہی




Quran aur Aqeeda e Insan - Aurad o Wazaif

No comments:

Post a Comment